ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گجرات میں انتخابی سرگرمیاں تیز ، بی جے پی اور کانگریس کی انتخابی مہم

گجرات میں انتخابی سرگرمیاں تیز ، بی جے پی اور کانگریس کی انتخابی مہم

Wed, 19 Oct 2022 09:30:00    S.O. News Service

گاندھی نگر ( آئی این این/ایجنسی): گجرات میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس اور بی جے پی جنگی پیمانے پر اپنے اپنے طور پر تیاریاں کر رہی ہیں۔ دونوں جماعتوں کی اعلی قیادت سر گرم ہوگئی ہے۔منگل کو جہاں ایک طرف بی جے پی نے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کی قیادت میں گجرات گورو یاترا نکالی ، وہیں دوسری طرف کانگریس کے اہم لیڈر گجرات پہنچے اور اجلاس سے خطاب کیا ، ان کی جانب سے بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ واضح رہے کہ ہماچل پردیش کے بعد اب گجرات کے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان جلد ہی ہوسکتا ہے۔ منگل کو گجرات بی جے پی نے گجرات گورو یاترا کی تصاویر اس تبصرے کے ساتھ ٹویٹ کیں: اونائی ماتا سے یہ یاترا شروع ہے جو آنند ضلع میں ختم ہوگی ۔اس یاترا میں مرکزی وزیراسمرتی ایرانی اور وزیرمملکت ڈاکٹر راج کمار رنجن سنگھ نے شرکت کی اور پارٹی کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی۔“ یاترا میں اسمرتی ایرانی اسکوٹی پر سوار تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بی جے پی نے گجرات سے گورو یاترا کا آغاز کیا تھا جو سوراشٹرا خطے کے سومناتھ میں ختم ہوگی۔ اب تک کئی مرکزی وزراء ریاست میں مختلف مقامات پر یاترا میں شامل ہو چکے ہیں۔ آئندہ بھی شامل ہوں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کچھ یاتراؤں میں بی جے پی نے لو جہاد کا موضوع بھی چھیڑا ہے۔

ادھر بدھ کو راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت کی قیادت میں گجرات پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دفتر میں جن چیتنا پارٹی (سی ایل پی) کے صدر منو بھائی چاوڑا کی قیادت میں تمام عہد یداروں اور کارکنوں کے ساتھ پوری جن چیتنا پارٹی کو کانگریس میں شامل کیا گیا۔اشوک گہلوت نے ٹویٹ کیا:”جن چیتنا پارٹی کے صدرمنو بھائی چاوڑا کی قیادت میں تمام عہدیداروں اور کارکنوں کے ساتھ پوری جن چیتنا پارٹی کو کانگریس میں ضم کروایا۔ اس سے گجرات کانگریس اور مضبوط ہوگی ۔ اس سلسلے کے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے بتایا :” اس موقع پر گجرات کانگریس کے انچارج ڈاکٹر رگھو شرما ، دہلی کانگریس کے انچارج شکتی سنگھ گوہل ، ریاستی صدر جگدیش ٹھا کور  بی ایل پی لیڈرسکھ رام راٹھور کے ساتھ ساتھ دیگر عہد یدار اور کارکن موجودر ہے۔“ قبل ازیں انہوں نے گجرات انتخابات سے متعلق ایک سوال پر کہا کہ انتخابی نتائج سے پتہ چل جاۓ گا ملک میں کس کی لہر چل رہی ہے۔ مزید کہا کہ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی خود کہہ رہے ہیں کہ کانگریس والے ہر گاؤں میں خاموشی سے کام کر رہے ہیں، انتخابی مہم چلا رہے ہیں، اس کا مطلب آپ سمجھ سکتے ہیں کہ کانگریس دیہی علاقوں میں بہت مضبوط ہے۔


Share: